عبدالرزاق واحدی ادبی مرکز

"ادب انسان کو جینا اور محبت کرنا سکھاتا ہے۔"

پانی کا شہر Paani Ka Shehar

بعض گھر ٹینکیوں سے بھرے ہوتے ہیں، مگر گلے خشک رہتے ہیں۔

مرکزی خیال:

ہم کل کا وعدہ جمع کرتے ہیں۔ آج کا پانی نہیں پیتے۔ ٹینکی میں پڑی پرانی مچھلی وہ وقت ہے جسے ہم نے "بعد میں" کہہ کر گرا دیا تھا۔

 

اس نے گھر سامان سے بھر دیا تھا۔ ہر کمرے میں نئی چیزوں کی خوشبو تھی۔ ہر کونے میں کل کا وعدہ۔ بچے ٹی وی کے سامنے بیٹھے کارٹون دیکھ رہے تھے۔ بیوی الماری سے وہ برتن نکال رہی تھی جو کبھی استعمال نہ ہوئے۔

وہ بالکونی میں کھڑا تھا۔ نیچے گلی میں بوڑھی عورت تولیے پر بیٹھی روٹی توڑ رہی تھی۔ بلی آئی۔ حصہ مانگا۔ عورت نے آدھی روٹی دے دی۔ بلی کھا کر پاؤں رگڑے اور چلی گئی۔

گھڑی دیکھی۔ گھر میں تھا۔ مگر پہلے سے دیر ہو رہی تھی۔ کسی میٹنگ کی۔ کسی حساب کی۔ کسی چیز کی جس کا نام نہیں، وزن تھا۔

اندر گیا۔ بیوی نے کہا: "آج پانی کی ٹینکی صاف کرنی ہے۔"  

"کل کروں گا۔"

بیوی نے کچھ نہ کہا۔ وہ بھی وہی کہتی تھی، جیسے وہ سنتا تھا — آدھے جملے، پورے فاصلے۔

رات کو بچے سو گئے۔ بیوی نے کہا: "پانی کا پریشر کم ہے۔ شاید ٹینکی میں کچھ ہے۔"  

"کل ٹھیک کروں گا۔ آج کام تھا۔"  

لیپ ٹاپ پر آنکھیں گاڑ دیں۔ نمبر تھے۔ گراف تھے۔ مستقبل کی تصویریں تھیں۔

بیوی نے نل کھولا۔ آواز آئی۔ جیسے کوئی اندر سے سانس لے رہا ہو۔

تین دن بعد۔

سیڑھیاں چڑھ کر ٹینکی تک گیا۔ ڈھکن کھولا۔ اندھیرا تھا۔ ٹارچ جلائی۔ پانی میں پلاسٹک مچھلی تھی۔ بڑے بیٹے نے پانچ سال پہلے گرائی تھی۔ اس وقت بچہ رو رہا تھا۔ اس نے کہا تھا: "چپ کر، نئی لے دوں گا۔"

نئی نہیں لی تھی۔ نہ یاد آیا کہ مچھلی اب بھی تیر رہی ہے۔

مچھلی نکالی۔ پانی گندہ تھا۔ مچھلی نئی لگ رہی تھی۔

نیچے آیا۔ مچھلی بیٹے کو دی۔  

"یہ وہی ہے نا بابا؟"  

"ہاں۔"  

"اب میں بڑا ہو گیا ہوں۔"  

مچھلی کاؤنٹر پر رکھ دی۔

رات کو نیند نہ آئی۔ بالکونی میں کھڑا تھا۔ نیچے اندھیرا تھا۔ عورت نہیں تھی، نہ بلی۔ صرف اسٹریٹ لائٹ ٹمٹما رہی تھی۔

گھڑی اتاری۔ کچن کی کھڑکی پر رکھ دی۔ نل کھولا۔ پانی صاف تھا۔ منہ اس کے نیچے کر لیا۔ پانی ٹھنڈا تھا۔ بہت ٹھنڈا۔

سوچا — کب سے پیاسا تھا؟

-----------------------------

مشکل الفاظ کے معنی

پریشر: دباؤ، زور  

ٹینکی: پانی کا ذخیرہ  

ٹمٹمانا: ہلکی روشنی سے جلنا بجھنا  

گندہ: صاف نہ، میل والا

عبدالرزاق واحدی کے افسانے پڑھنے کے لیے آپ کا بے حد شکریہ۔ آپ کی قیمتی رائے کا انتظار رہے گا۔

اپنی قیمتی رائے کا اظہار کیجیے: